نیویارک، 26؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )پاکستان نے حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی موت کوغیرمنصفانہ قتل سے تعبیر کرتے ہوئے معاملے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور دعوی کیا کہ ریفرنڈم سے انکار وادی میں کشمیری عوام کے اشتعال کی وجہ تھا۔اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل نمائندہ ملیحہ لودھی نے گزشتہ ہفتے یہاں کشمیری وفد کے نمائندوں سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ ملک مسئلہ کشمیر کو اخلاقی اور سفارتی حمایت فراہم کرنے کی اپنی نظریاتی پالیسی پر قائم ہے۔لودھی نے وانی کی ہلاکت اور مظاہروں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے مختلف فورم پرمسئلہ کشمیر کو سرگرمی سے اٹھاتا رہا ہے۔لودھی نے وفد سے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ سے کشمیر پر اپنی تجویز نافذ کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام کو آزادانہ ریفرنڈم کے ذریعے خود ارادیت کاحق سیکورٹی کونسل کی مختلف قراردادوں میں دیا گیا ہے جس سے محروم کرنے کی وجہ سے حالیہ مظاہرے ہوئے جو علاقائی امن وسکون کے لیے خطرہ ہے ۔